اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپنی دھرتی کی دلفریب شان و شوکت کا گرویدہ ہونے کی وجہ سے یہاں رہ کر اپنے لوگوں کی خدمت کرنا مجھے بے حد مرغوب ہے جبکہ مقام افسوس ہے کہ اس خوبصورتی کو ہماری مقتدر اشرافیہ سے وہ قدر نہیں ملتی جس کی یہ حقدار ہے یہی وجہ ہے کہ ای سی ایل ان کے لیے ایک آفت کی مانند ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنی دھرتی کی دلفریب شان و شوکت ہی کا گرویدہ ہوں جبھی تو اس کے حصار میں خوش رہتا ہوں اور یہاں رہ کر اپنے لوگوں کی خدمت کرنا مجھے بے حد مرغوب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ اس خوبصورتی کو ہماری مقتدر اشرافیہ سے وہ قدر نہیں ملتی جس کی یہ حقدار ہے، یہی وجہ ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ ان کے لیے ایک آفت کی مانند ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ارض پاکستان کا مسحور کن حسن اور اس میں ملنے والا تنوع بے مثال ہے۔