وزیراعظم عمران خان کا چین کا دورہ دونوں تذویراتی شراکت داروں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت بخشے گا

126

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا چین کا دورہ دونوں تذویراتی شراکت داروں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت بخشے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں چینی سفیر یاو¿ جنگ سے ملاقات کے دوران کیا۔ چینی سفیر یاﺅ جنگ نے سی پیک کی رفتار تیز کرنے پر وفاقی وزیر خسرو بختیار اور وزارت منصوبہ بندی کی کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ کے دوران سی پیک کے تحت زراعت، صنعت اور سماجی و معاشی شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آنے سے سی پیک کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہو گئی ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ چین کے علاوہ اسپیشل اکنامک زونز اور ایم ایل ون اور نومبر میں ہونے والی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس زیر بحث آیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔