وزیراعظم عمران خان کا گورنر ہاﺅس کراچی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ویڈیو پیغام

کراچی ۔ 7 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا بڑا تجارتی مرکز ہے، کراچی کی ترقی پاکستان کے مفاد میں ہے، نئے بلدیاتی نظام کے تحت بڑے شہروں کا اپنا نظام ہوگا، کراچی پاکستان کا حب ہے ، یہاں کی ترقی پاکستان کے مفاد میں ہے، کراچی بہتر ہوگا تو پاکستان بہتر ہوگا، گزشتہ دور حکومت میں پنجاب کے 50 فیصد فنڈز لاہور پر خرچ ہوئے ، لاہور بہتر ہوا لیکن باقی علاقے ترقی سے محروم رہے، ہم ایسا بلدیاتی نظام لارہے ہیں جس کے تحت میئر اور ناظم کا براہ راست انتخاب ہوگا۔ ہفتہ کو گورنر ہاﺅس کراچی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ موسم کی خرابی کی وجہ سے اس تقریب میں شرکت کیلئے کراچی نہ آسکنے پر کراچی کے لوگوں سے معذرت خواہ ہیں۔ کراچی آنے کا مقصد ڈیڑھ سالہ دور اقتدار میں کراچی میں شروع کئے گئے پانچ منصوبوںکا افتتاح کرنا تھا جن میں تین فلائی اوور اور دو شاہراﺅں کی تعمیر شامل تھی۔ وزیراعظم نے گورنر سندھ سے کہا کہ وہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ خصوصاً کراچی میں مزید نئے منصوبوں کے حوالے سے شرکاءکو آگاہ کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پاکستان کا وہ شہر ہے جو ترقی کرے گا تو پورا پاکستان ترقی کرے گا اور اگر کراچی پر برا وقت آئے گا تو اس سے پورا پاکستان متاثر ہوگا۔ سندھ میں تحریک انصاف کی حکومت نہیں ہے لیکن 18ویں ترمیم کی حدودمیں رہ کرہم کراچی کیلئے جو بھی کر سکتے ہیں کریں گے۔ کراچی کی ترقی پاکستان کے مفادمیں ہے، کراچی روزگار دیتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ دنیا میں بڑے بڑے شہر اپنے منیجمنٹ سسٹم کے تحت چلائے جارہے ہیں ان کے اپنے میٹروپولیٹن نظام ہیں۔ وہ اپنے پیسے خود اکٹھے کرتے ہیں۔ دنیا بھر کے تجربے کے بعد ہم نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اسی نظام کے تحت بلدیاتی سسٹم بنایا ہے جہاں میئر یا ناظم کا براہ راست انتخاب ہوگا اور یہ اپنے شہر خود ڈویلپ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی ترقیاتی فنڈ سے شہروں کو بنانا ممکن نہیں ہے۔ لاہور اگر بہتر ہوا ہے تو پنجاب کے آدھے فنڈز یہاں لگے ہیں۔ لاہور کی بہتری کی وجہ سے پنجاب کے باقی علاقے ترقی سے محروم رہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پنجاب کے 50 فیصد فنڈ لاہور پر خرچ کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی پولیس کو بااختیار بنایا ہے اس کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ سندھ میں پولیس کی کارکردگی اس طرح کی نہ ہونے کی وجہ سے وہاں پر رینجرز تعینات ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کی پولیس کا نظام میں سندھ میں بھی آئے۔ اس موقع پر تقریب سے گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر اسد عمر، علی زیدی، میئر کراچی وسیم اختر نے بھی خطاب کیا جبکہ گورنر نے ترقیاتی افتتاح کیا۔