وزیراعظم عمران خان کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے اور ہمدردی اور احساس پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہے جہاں ہر شہری بلا تفریق ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے، ہمسایہ ممالک سے برابری …

اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے اور ہمدردی اور احساس پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہے جہاں ہر شہری بلا تفریق ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے، ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر دوستانہ اور پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں، ہماری امن کی خواہش کو ہر گز کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنے دفاع کی خاطر ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو آج ہفتہ کو روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے‘ 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب برصغیرکے مسلمانوں نے علامہ محمد اقبال کے تصور کے مطابق اپنی منزل کا تعین کیا۔ اس دن بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانان ہند نے غلامی کی زنجیروں کو اتار پھینکنے اور ہندو اکثریت کے ظلم و ستم سے آزادی کے لیے ایک خود مختار مسلم ریاست کے قیام کے لیے جدو جہد کا پختہ ارادہ کیا اوراس طرح 14 اگست 1947ء کو پاکستان ایک آزاد مسلم ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر ا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی صورت میں ان لوگوں کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی جن کو متحدہ ہندوستان میں اکثریت کے ہاتھوں اقتصادی و سماجی ترقی کے مواقع سے محروم رکھا گیا تھا، ان کے تہذیبی تشخص کو ختم کرنے کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ کی قرار داد کا مطمع نظر ایک ایسی ریاست کا قیام ممکن بنانا تھا جس کے شہریوں کو بلا امتیاز رنگ و نسل مساوی مواقع حاصل ہوں اور جو اپنی تہذیب و تمدن کو پروان چڑھا کر ملک و قو م کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر دوستانہ اور پر امن تعلقات کے خواہاں ہیں اور خواہش رکھتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں ہم سب مل کر غربت کا خاتمہ کریں اور خطے میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کریں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہماری امن کی خواہش کو ہر گز کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنے دفاع کی خاطر ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو چکا ہے، ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، ہماری بہادر مسلح افواج، قومی سلامتی کے اداروں کی بے مثال صلاحیت اور لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان کے دشمنوں کو ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی، حالیہ بھارتی جارحیت کے موقع پر اس کا عملی مظاہرہ پوری دنیا نے دیکھا اور ہم پہلے سے بھی کہیں زیادہ مضبوط ہوکر ابھرے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستا ن کے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو ہر گز نہیں بھولنا جو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں اور سنگینوں کے سائے تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان کے حق خودارادیت کے حصول کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت دنیا کے ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply