وزیراعظم عمران خان کا 12 ستمبر 2020ءسے انٹرا افغان مذاکرات شروع کرنے کے اعلان کا خیر مقدم

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے 12 ستمبر 2020ءسے انٹرا افغان مذاکرات شروع کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آخر کار ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لائی ہیں جس کا افغان عوام کو کئی سالوں سے انتظار تھا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 40 سال تک …

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے 12 ستمبر 2020ءسے انٹرا افغان مذاکرات شروع کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آخر کار ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لائی ہیں جس کا افغان عوام کو کئی سالوں سے انتظار تھا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 40 سال تک افغانیوں نے مسلسل تنازعات اور خون ریزی کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان دہشت گردی کے واقعات، قیمتی جانوں کے نقصان اور بھاری معاشی نقصانات سے آگاہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں ایک لمبے عرصہ سے یہ بات واضح کرتا آیا ہوں کہ افغانستان میں تنازعات کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور تنازعات کو صرف سیاسی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ان تھک کوششوں سے افغان امن عمل میں معاونت میں کلیدی کردار کیا ہے جس کے نتیجہ میں آج یہ وقت آن پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم بہت زیادہ مسرت محسوس کرتے ہیں کہ ہم نے اس حوالہ سے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اب افغان قیادت پر منحصر ہے کہ وہ اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں، مثبت انداز میں مل کر کام کریں اور ایک جامع اور پر امن حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان قیادت پر مشتمل افغان امن اور تعمیر نو اور مشاورتی عمل افغانستان کی آزادی ہے اور اس سے خطے کی سلامتی، امن اور خوشحالی ممکن ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ تمام فریقین اپنی اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے تمام مسائل کے خاتمہ کے لئے کردار ادا کریں گے اور افغانستان میں امن و استحکام کے مقصد کے حصول کی خواہش کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جانب سے افغان عوام کی بھرپور معاونت اور یکجہتی جاری رکھے گا تاکہ امن و امان اور ترقی کے سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔