وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز سے ملاقات

نیویارک ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز سے ملاقات کی ہے اور عالمی ادارے اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حل میں مدد اور انسانی جانیں بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر یہ ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان …

نیویارک ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز سے ملاقات کی ہے اور عالمی ادارے اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حل میں مدد اور انسانی جانیں بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر یہ ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیر پر دوٹوک انداز میں اقوام متحدہ کا موقف پیش کرنے پر سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں 54 روز سے 80 لاکھ افراد کے جاری محاصرے اور مواصلاتی بلیک آﺅٹ سے متعلق آگاہ کیاکہ ایسا ہولناک لاک ڈاﺅن حالیہ تاریخ میں کہیں نہیں ہوا۔ اس محاصرے کو ہٹانے کیلئے صرف زور دینا کافی نہیں بلکہ محاصرے کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے 5 اگست کو کئے گئے بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدام جوکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے کو مسترد کرنے کے پاکستان کے موقف کو دہرایا۔ وزیراعظم نے انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق سے متعلق خلاف ورزیوں کی جامع رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت کے حالیہ اقدامات سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نیا باب سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بھارت کے غیرقانونی اور غیرذمہ دارانہ اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو پیدا ہونے والے خطرات کو اجاگر کیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گتریز نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور انسانی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس معاملہ پر نظر رکھیں گے اور پیغام دیا کہ وہ اس تنازعہ کے پرامن حل کیلئے اپنی مدد کی پیشکش پر قائم ہیں۔