واشنگٹن ۔ 23 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپیکر نے ان کا خیر مقدم کیا اور اپنے سٹاف سے تعارف کرایا۔ دفتر میں ملاقات کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا موقف سمجھنے پر نینسی پلوسی کا مشکور ہوں، اب تک امریکی سیاستدانوں تک پاکستان کا صحیح موقف نہیں پہنچا تھا، پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات ازسر نو استوار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے سیاسی حل کیلئے تمام ممکن اقدام کرے گا۔ سپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ کئی پاکستانی امریکہ کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔