بشکک ۔ 14 جون (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں کے مابین ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 19ویں اجلاس کے موقع پرہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کو زیر بحث لایا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی مفاد کیلئے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور اعلیٰ سطح پر سیاسی تبادلوں میں اضافہ پر اتفاق کیا۔ پاکستان ایس سی او کا مستقل رکن جبکہ بیلا روس کو تنظیم میں مبصر ملک کی حیثیت حاصل ہے۔