اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ای گورنمنٹ اور ای آفس کے اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم آفس اس سلسلے میں سب سے پہلے عملدرآمد یقینی بنائے گا اور تمام وزارتیں اس کی تقلید کریں گی، ڈاکٹر عشرت حسین کو تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں میں پیپر لیس نظام کی ترویج کے لئے مقررہ ٹائم فریم کے اندر عملدرآمد …
وزیراعظم عمران خان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر ہدایات
اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ای گورنمنٹ اور ای آفس کے اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم آفس اس سلسلے میں سب سے پہلے عملدرآمد یقینی بنائے گا اور تمام وزارتیں اس کی تقلید کریں گی، ڈاکٹر عشرت حسین کو تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں میں پیپر لیس نظام کی ترویج کے لئے مقررہ ٹائم فریم کے اندر عملدرآمد یقینی بنانے اور روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم کے دفتر میں وزیراعظم عمران خان کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر میری ٹائم افیئرز سید علی حیدر، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی معروف افضل، سیکرٹری نجکاری رضوان ملک اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ وزیراعظم کو وزارت کے دائرہ کار، کردار اور اس سے منسلک مختلف محکموں، تنظیموں سمیت آئی ٹی کے شعبے کی موجودہ صورتحال اور ٹیلی کام سیکٹر کے حوالے سے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکرٹری نے وزارت کے قیام سے اب تک وزارت کی طرف سے اب تک عبور کئے گئے سنگ میل اور کارکردگی کا بھی خاص طور پر ذکر کیا۔









