وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور یو این ڈی پی کے پاکستان میں نمائندہ سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے بالخصوص سابقہ فاٹا کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کو ترجیحی شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ (یو این ڈی پی) کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدام کو آگے بڑھاتے ہوئے نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے قائدانہ کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یہ بات وزیراعظم کے …

اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے بالخصوص سابقہ فاٹا کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کو ترجیحی شعبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ (یو این ڈی پی) کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدام کو آگے بڑھاتے ہوئے نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لئے قائدانہ کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار اور یو این ڈی پی کے پاکستان میں مقیم نمائندے اگناشیو ارتزا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کو یو این ڈی پی کے یوتھ امپاورمنٹ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس کا مقصد وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے اشتراک کار سے پانچ سال کے عرصہ کے دوران پاکستان بھر میں نوجوانوں سے قریبی روابط استوار رکھتے ہوئے ان کو بااختیار بنانے کے اقدامات میں معاونت کرنا ہے۔یو این ڈی پی نے پاکستانی نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور سماجی رابطہ کاری کے لئے تین کروڑ ڈالر کا وعدہ کیا ہے۔محمد عثمان ڈار نے وزیراعظم کو پہلی قومی یوتھ کانفرنس، نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس اور نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام جیسے آئندہ حکومتی پروگراموں کے بارے میں نوجوان گروپوں اور فریقین کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے یو این ڈی پی کے ساتھ مل کر کی جانے والی مشترکہ کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام وضع کرنے کے لئے حکومتی کاوشوں میں یو این ڈی پی کی تکنیکی اور وسائل کی معاونت کی تعریف کی جو حکومت کے نوجوانوں پر مرکوز تمام تر اقدامات کے لئے پلیٹ فارم کا کام کرے گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محمد عثمان ڈار نے حال ہی میں یو این ڈی پی یوتھ امپاورمنٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کی مشترکہ صدارت کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہماری ادارہ جاتی شراکت داری پاکستانی نوجوانوں سے بامقصد رابطے، معیاری تعلیم اور روزگار کے مشترکہ مقاصد سے ہم آہنگ ہوگی۔ یوتھ امپاورمنٹ پروگرام کا مقصد روزگار و اقتصادی خودمختاری، سماجی رابطہ کاری اور تعلیم و ہنرمندی کی سہ جہتی اپروچ کے ذریعے نوجوان خواتین و مردوں کو بااختیار بنانا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ملک بھر میں خواتین سمیت دو لاکھ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا۔ عثمان ڈار نے وزیراعظم کو ”تعلیمی رضاکار“ پروگرام اور مدارس کے طالب علموں کو وسیع مواقع کی فراہمی کے ذریعے مرکزی دھارے میں لانے کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ملک کے نوجوانوں کے لئے تعلیم، روزگار اور ہنرمندی کے حوالے سے حکومت پاکستان کے ساتھ مسلسل وابستگی اور رابطے پر یو این ڈی پی کی تعریف کی۔

Leave a Reply