وزیراعظم محمد شہبازشریف کا رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون ،زلزلہ سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کرکے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی شدت بڑھ رہی ہے ، قدرتی آفات اور موسمیاتی تباہی کسی سرحد، خطے اور مخصوص قوم تک محدود نہیں ۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت ، اہلخانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔