وزیراعظم محمد شہبازشریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس سے شرم الشیخ میں ملاقات

شرم الشیخ۔7نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس سے مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہونے والے

COP27

سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ملک میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے اظہار یکجہتی اور پاکستان کے لیے بڑے پیمانے پر تعاون کی اپیل کی تعریف کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں ہولناک سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے درپیش چیلنج کا واضح اظہار ہے۔

وزیر اعظم نے موسمیاتی انصاف اور ماحولیاتی یکجہتی کے لیے سیکرٹری جنرل کے مطالبے کی بھی توثیق کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پوسٹ ڈیزاسٹر نیڈز اسسمنٹ کے مطابق سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ 32 ارب ڈالر سے زیادہ ہے جو پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 10 فیصد بنتا ہے، پاکستان کو بحالی اور تعمیر نو کے بہت بڑے کام کے لیے پائیدار ترقی کے ماڈل کی بنیاد پر سر سبز بنانے کے لیے خاطر خواہ بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہوگی۔

وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کی منظوری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام ترقیاتی شراکت داروں کو اکٹھا کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی ’ڈونرزکانفرنس‘ بلانے کا منتظر ہے۔

وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی طرف سے پاکستان کو مجوزہ کانفرنس میں ایک جامع بحالی اور تعمیر نو کا منصوبہ تیار کرنے میں مدد دینے کے لئے انٹر ایجنسی ٹیم کی تشکیل کو بھی سراہا جس کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی کانفرنس عالمی برادری کے لیے ایک بروقت موقع ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور ماحولیاتی انصاف کو فروغ دینے کے لیے مساوات اور مشترکہ اصولوں پر مبنی اقدامات کرے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ

COP27

کے اجلاس میں پاکستان میں سیلاب سے نقصان

اور تباہی سے نمٹنا ایک اہم “ڈیلیوریبل” ہوگا۔ پاکستان کے گروپ

G77

اور چین کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے

COP27

نے اتفاق رائے سے ”لاس اینڈ ڈمیج فنانس“ پر ایک ایجنڈا آئٹم کو شامل کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہبازشریف اور سیکرٹری جنرل کے درمیان دو طرفہ ملاقات کے بعد “پاکستان پویلین” میں مشترکہ پریس کانفرنس بھی ہوئی۔