چین نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ بندی میں دو ماہ کی توسیع سے دونوں ممالک کو موجودہ معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لینے اور اقتصادی و تجارتی معاملات پر مزید پیش رفت کے لیے مذاکرات آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ بات چین کی وزارتِ تجارت نے پیر کو ایک بیان میں جنگ بندی میں 10 جنوری …
امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ بندی میں توسیع سے مذاکرات آگے بڑھانے کا موقع ملے گا،چین

مزید خبریں
بیجنگ۔28ستمبر (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تجارتی جنگ بندی میں دو ماہ کی توسیع سے دونوں ممالک کو موجودہ معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لینے اور اقتصادی و تجارتی معاملات پر مزید پیش رفت کے لیے مذاکرات آگے بڑھانے کا موقع ملے گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ بات چین کی وزارتِ تجارت نے پیر کو ایک بیان میں جنگ بندی میں 10 جنوری تک توسیع کی تصدیق کرتے ہوئے کہی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے کاروباری تعاون اور جاری مذاکرات کے لیے نسبتاً مستحکم اور قابلِ پیش گوئی پالیسی ماحول بھی فراہم ہوگا۔ یہ توسیع گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رواں سال ہونے والی دوسری سربراہی ملاقات کا نتیجہ تھی۔ دونوں ممالک نے ایک تجارتی کونسل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے ابتدائی اقدامات میں تقریباً 30 ارب ڈالر مالیت کی مصنوعات پر باہمی محصولات میں کمی پر بات چیت شامل ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مستحکم رکھنا ہے۔ چینی وزارتِ تجارت نے کہا کہ اس اقدام سے متعلقہ چینی مصنوعات کی امریکا کو برآمدات کے لیے بھی بہتر حالات پیدا ہوں گے۔
دونوں ممالک کی اقتصادی و تجارتی ٹیمیں باقاعدگی سے مذاکرات کریں گی، ان میں ممکنہ سرمایہ کاری کے مواقع اور رکاوٹیں، پالیسی میں شفافیت و پیش گوئی اور کاروباری اداروں کے جائز خدشات پر توجہ دی جائے گی۔ چین کی وزارتِ تجارت نے بتایا کہ دونوں ممالک تجارتی کونسل کے تحت ایک زرعی ورکنگ گروپ بھی قائم کریں گے جس کا پہلا اجلاس سال کے اختتام سے قبل ہوگا۔ اس میں زرعی مصنوعات تک باہمی رسائی اور متعلقہ ضوابط پر بات ہوگی۔ سربراہی ملاقات میں چین نے 2027 اور 2028 میں امریکا سے ہر سال ایک کروڑ میٹرک ٹن کوئلہ درآمد کرنے پر بھی اتفاق کیا، یہ مقدار چین کی سالانہ کوئلہ درآمدات کا تقریباً 2 فیصد بنتی ہے، مائع قدرتی گیس اور تیل اس فہرست میں شامل نہیں ۔
چینی وزارتِ تجارت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دونوں ممالک نے ممکنہ واقعات سے متعلق رابطے کے لیے ایک مواصلاتی چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہےجبکہ نومبر کے اختتام تک مزید مذاکرات ہوں گے۔ چین امریکی سرمائے سمیت غیر ملکی مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے چین میں کاروبار کرنے اور نئی شاخیں کھولنے کی درخواستوں کا جائزہ لے کر منظوری دینے کا عمل بھی جاری رکھے گا۔ چینی وزارتِ تجارت نے کہا کہ چین اور امریکا کے درمیان براہِ راست پروازوں میں اضافے کے معاملے پر بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطہ جاری رہے گا۔







