اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے محکمانہ کھیل بحال کرنے کا وعدہ پورا کر دیا۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ستمبر 2021 میں پی ٹی آئی حکومت نے محکمانہ کھیلوں کے لئے فنڈنگ روک دی تھی، عمران خان حکومت کی وجہ سے 30 مختلف کھیلوں میں محکمانہ کھیلیں ختم ہوگئی تھیں جس سے ہزاروں کھلاڑی بے روزگار ہوگئے تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں محکمانہ کھیل بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ وزیراعظم نے اپریل 2022 میں محکمانہ کھیل بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔
کھلاڑیوں نے وزیراعظم سے اپنی بیروزگاری اور مسائل کے پیش نظر محکمانہ کھیلوں کی بحالی کا مطالبہ کیا تھا ۔ وزیراعظم نے یہ اقدام ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے اٹھایا ہے ۔