وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون

لاہور۔28فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی اور بعد ازاں بعض خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم …

لاہور۔28فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی اور بعد ازاں بعض خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک اور صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس نازک مرحلے پر تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل خطے میں جلد از جلد امن، استحکام اور ہم آہنگی قائم ہو۔