اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اسلام آباد میں تمام صحت کے سرکاری اداروں کو ایک ہیلتھ ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے انتظامی کنٹرول کے تحت لانے کی منظوری دی ہے جو اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ہیلتھ ایڈمنسٹریٹو بورڈ کہلائے گا۔ وزیراعظم نے آئی سی ٹی کے تمام پبلک ہیلتھ سٹرکچر کو درپیش مسائل اور ادارہ جاتی نقائص کو دور کرنے کے سلسلہ میں اس حوالہ سے منظوری دی ہے۔ آئی سی ٹی واقع وفاقی حکومت کے صحت کے ادارے مختلف وفاقی ڈویژنوں اور انتظامی سطحوں پر تقسیم ہیں جو نہ صرف اچھی گورننس کی اقدار کے خلاف ہے بلکہ اس کے باعث غیر معیاری سروس، پالیسی کی عدم ہم آہنگی، سروس ڈلیوری میں نمایاں فرق اور جوابدہی کی کمی جیسے مسائل درپیش تھے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ہیلتھ ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے گورننگ سٹرکچر کیلئے تجاویز کی تیاری کے سلسلہ میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی۔