وزیراعظم محمد نواز شریف کی ناروے کی ہم منصب ارنا سولبرگ سے ملاقات

150
APP63-19 DAVOS: January 19 – Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif meeting with Prime Minister Of Norway Erna Solberg on the sidelines of World Economic Forum. APP

ڈیووس ۔ 19 جنوری (اے پی پی) پاکستان اور ناروے نے تجارت ، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ ناروے کی وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی ترقی اور دہشت گردی و انتہاءپسندی کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔ گزشتہ روز عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے ناروے کی اپنے ہم منصب ارنا سولبرگ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ جولائی 2015ءمیں اپنے ناروے کے سودمند دورہ، ستمبر 2015ءمیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر نیویارک میں ان سے ملاقات کا بھی نواز شریف نے حوالہ دیا۔ انہوں نے ناروے کی وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی حکومت امداد کی بجائے تجارت، اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناروے پاکستان کا سرمایہ کاری، تجارت اور ترقیاتی تعاون میں ایک مضبوط شراکت دار ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ ناروے کی وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں پہلے ہی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں تجارت کے مواقع سے مکمل طور پرمستفید ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی تجدید کو سراہتے ہوئے دہشت گردی اور انتہاءپسندی سے نمٹنے کے لئے کامیابیوں کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور بات چیت کے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ناروے کی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی اور معاشی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ صحت و تعلیم کے شعبوں میں ناروے کے ترقیاتی تعاون کو بھی سراہا۔