وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد عوام کے ریلیف کیلئے ایک ٹھوس حکمت عملی کا اعلان کیا ہے، خواجہ آصف

74
Defense Minister Khawaja Muhammad Asif
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد عوام کے ریلیف کیلئے ایک ٹھوس حکمت عملی کا اعلان کیا ہے، ایک گھنٹہ پہلے وزیراعظم بننے کے بعد فوری طور پر ریلیف نہیں دیا جاسکتا لیکن انہوں نے روڈمیپ کا اعلان کردیا ہے۔

اتوار کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کوقائم ہوئے ابھی دو دن ہوئے ہیں یہ اپنی مدت پوری کرے گی، بدشگونی کی باتیں کرنا ٹھیک نہیں۔ وزیراعظم نے جو ایجنڈا دیا ہے انشاء اللہ اس کی تکمیل ہوگی، انہوں نے تمام شعبوں کو پراگریسو ترجیحات پر تشکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کوملک اور قوم کودرپیش تمام چیلنجز کامکمل اعتراف ہے اور وہ ان سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ عوام دوست معاہدہ کے حوالہ سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ہم خود عوام دوست ہوجائیں تو آئی ایم ایف کے عوام دوست ہونے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔ اگر عوام اور حکمران پورے ٹیکس دینا شروع کردیں، بجلی اور گیس کی چوری ترک کردیں تو ہم عوام دوست بن جائیں گے۔ تو پانچ چار ہزار ارب روپے ان چوریوں میں چلے جاتے ہیں جسے ہم اور آپ مل کر روکیں گے تو ملک آگے بڑھے گا۔