وزیراعظم کا بلوچستان میں فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نےضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے اور دو خودکش بمبار خواتین سمیت ان کے سہولت کار کو گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،مجھ سمیت پوری قوم افواج پاکستان کے وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔