وزیراعظم کی آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کی پاکستان آمد پر پاک بحریہ کو مبارکباد، ہنگور آبدوز منصوبہ دفاعی خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، شہباز شریف

وزیراعظم کی آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کی پاکستان آمد پر پاک بحریہ کو مبارکباد، ہنگور آبدوز منصوبہ دفاعی خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، شہباز شریف

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کی پاکستان آمد پر پاک بحریہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگور آبدوز منصوبہ پاک چین دوستی کا مظہر، مضبوط سٹریٹجک تعاون کا عکاس اور دفاعی خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پی این ایس/ایم ہنگور کی بدولت پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں اہم اضافہ ہوگا ۔ پی این ایس/ایم ہنگور پاکستان کے سمندری مفادات اور بحری سرحدوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کے استحکام کے ساتھ خطے میں امن، استحکام اور توازن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ہنگور آبدوز منصوبہ کو پاکستان کے دفاعی خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستانی سکیورٹی فورسز کی دفاعی استعداد میں اضافے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ صلاحیتوں کی ترقی کے لیے ہرممکن وسائل فراہم کرتی رہے گی۔ وزیراعظم نے پی این ایس/ایم ہنگور کی پاکستان آمد پر پاک بحریہ، متعلقہ انجینئرز اور تمام تکنیکی ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

مزید خبریں