وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات چیت

اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے مطالبات غیر منطقی ہیں جبکہ آزادی مارچ بھی ذاتی فائدے کے لئے کیا جا رہا ہے، موجودہ حکومت کو پرامن مارچ کے انعقاد پر کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلحہ بردار، عوام اور خود مولانا کے لئے خطرناک …

اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے مطالبات غیر منطقی ہیں جبکہ آزادی مارچ بھی ذاتی فائدے کے لئے کیا جا رہا ہے، موجودہ حکومت کو پرامن مارچ کے انعقاد پر کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلحہ بردار، عوام اور خود مولانا کے لئے خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک حزب اختلاف کی جماعتوں کی مولانا فضل الرحمان کے لئے حمایت کا تعلق ہے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث رہے ہیں اور نام نہاد آزادی مارچ کی حمایت کرنے کا مقصد ہی سیاسی فائدہ اٹھانا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جو کوئی بھی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ایک سوال پر معاون خصوصی نے شبہ ظاہر کیا کہ اس نام نہاد آزادی مارچ کے اغراض و مقاصد ہی کچھ اور ہیں۔ میڈیا اور اینکر پرسن پر حکومت کی قدغن کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈیا یا اینکر پر پابندی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم کسی کو بھی ٹاک شوز میں عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر بحث کرنے یا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) اور پیمرا کے درمیان اختلاف دور کرنے کی کوشش کی جائے گی تاہم انہوں نے کہا کہ پیمرا اپنے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور واضح کرے کہ یہ ملک کا آزاد ادارہ ہے۔ ایک سوال پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم اداروں میں اصلاحات لانے کے علاوہ ان اداروں کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو کی حکومت پر تنقید کے بارے میں ایک اور سوال پر وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ عوام نے پی پی پی کی اندرون سندھ میں سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ نواز شریف کے طبی علاج معالجہ بارے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو تمام طبی سہولیات فراہم کیں۔

مزید خبریں