وزیراعظم کی ہدایت پر دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو باہم سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، مسلم ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو سفارتخانے حل کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی متعلقہ ممالک کے مروجہ قوانین پر عملدرآمد کر رہے ہیں، ہمارے سفارتخانے اور قونصل جنرل مستعدی سے کام کر رہے ہیں، …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو باہم سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، مسلم ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو سفارتخانے حل کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی متعلقہ ممالک کے مروجہ قوانین پر عملدرآمد کر رہے ہیں، ہمارے سفارتخانے اور قونصل جنرل مستعدی سے کام کر رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے آپ کو منفی سرگرمیوں اور جرائم سے بچائیں، علماء کرام ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے کو آرڈینیٹر حافظ طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولیات کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے، برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت و دیگر میں پاکستانی بھائیوں کے بعض مسائل سفارتخانے یا قونصلیٹ اور ذاتی مسائل سے متعلق ہوتے ہیں، خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی وہاں کے قوانین اور ضابطوں پر عمل کریں گے تو اپنے بھائیوں کے لئے مستقبل میں بہت سا راستہ کھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ خلیجی ممالک میں سفارتخانے اور قونصلیٹ زیادہ بہتر انداز میں مسائل میں گھرے پاکستانیوں کی معاونت اور مدد کریں، اس کے لئے ہم متعلقہ ممالک کے ذمہ داران سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے، مئی کے بعد کا پاکستان ایک مختلف پاکستان ہے، دنیا میں پاکستان کی عزت اور توقیر مختلف انداز میں سامنے آئی ہے، دوست ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری آ رہی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو چاہیے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغام پاکستان کو نچلی سطح پر عملی طور پر نافذ کرنے اور بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر قومی پیغام امن کمیٹی قائم کی گئی ہے، گزشتہ ایک ماہ سے قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارمز سے بہت محنت کی گئی ہے، تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سمیت پہلی مرتبہ اس کمیٹی میں غیر مسلم برادری کو شامل کیا گیا ہے، پیغام پاکستان ایک ایسا ضابطہ اخلاق ہے جس کو اسلامی ممالک سمیت پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ وارانہ تشدد، فتنہ خوارج اور فتنہ ہندوستان کے خلاف مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ افغان عبوری حکومت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

 

مزید خبریں