وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت توانائی کے مختلف مسائل کے حوالہ سے اجلاس

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت توانائی کے شعبہ کے مختلف مسائل کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں مشیر خزانہ نے توانائی ڈویژن سے کہا کہ صارفین کو مہنگائی کے بوجھ سے بچانے اور ٹیرف میں بتدریج کمی کیلئے دیگر شراکت داروں سے تجاویز لی جائیں۔ شرکاءسے توقع کی گئی کہ وہ ان تجاویز کو متعلقہ فورم (ای سی سی) سے منظوری سے پہلے حتمی کریں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے پٹرولیم، سیکرٹری توانائی ڈویژن، سیکرٹری خزانہ نے صارفین کو مہنگائی کے بوجھ سے بچانے اور 12 سے 18 ماہ کیلئے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ سمیت مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں صنعتی شعبہ کی آئی ہوئی تجاویز پر بھی غوروخوض کیا گیا۔