وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا ایف بی آر کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا محور عام آدمی ہے، ملکی معیشت میں گذشتہ چند مہینوں میں بہتری آئی ہے جبکہ مزید بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر کے زیر اہتمام تقریب …

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا محور عام آدمی ہے، ملکی معیشت میں گذشتہ چند مہینوں میں بہتری آئی ہے جبکہ مزید بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بہت خوشی کا موقع ہے، چھوٹے کاروباروں کیلئے لائسنس ختم کرنے اور رجسٹریشن کے حوالہ سے تاجروں نے بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا، اس کا مقصد تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرکے ٹیکس محصولات کی وصولی میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت ملک اب اپنے مقصد کی جانب بڑھے گا، وزیراعظم نے تاجروں کو مراعات اور آسانیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے مقاصد میں قرضوں سے آزادی حاصل کرنا، دنیا میں تجارت کو بڑھانا اور ملک کے غریب و محروم طبقات کیلئے وسائل فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کا محور عام آدمی ہے، ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بہتری آئے گی۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج اور زرمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، تجارتی خسارہ کم ہوا ہے، دنیا کے ادارے اس بات کو تسلیم کر رہے ہیں کہ ہماری معیشت کی سمت درست ہے، ہم مل کر اس کو آگے بڑھائیں گے۔ اس موقع پر ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا کہ ملک کے چھوٹے تاجروں کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالہ سے عملدرآمد کیلئے ملک کے ہر شہر میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، ہر کمیٹی میں تاجر تنظیموں کے دو نمائندے شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ کمیٹیاں چھوٹے دکانداروں کی رجسٹریشن اور تنازعات کے حل میں کردار ادا کریں گے، اس تمام عمل میں ایف بی آر کی مداخلت کم ہو گی۔ اس موقع پر تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں کاروبار میں آسانی کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اپنے حصے کا ٹیکس ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، انہیں پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں ضرور نمائندگی دی جائے۔