اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ موجودہ موسمیاتی و ماحولیاتی مسائل کا بہترین حل دستیاب وسائل کا جائز استعمال ہے، اگر ہم وسائل کا بے دریغ استعمال کریں گے تو قدرت ہم سے انتقام لے گی، موجودہ حکومت نے ماحولیات کے تحفظ، آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے اثرات پر قابو پانے کے سلسلے میں 10 بلین ٹری سونامی جیسے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں، ان اقدامات کی بدولت آئندہ چند برسوں میں پاکستان سرسبز و شاداب ملک بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میٹیریل فلو کاسٹ اکاو¿نٹنگ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد نیشنل پراڈکٹیوٹی آرگنائزیشن پاکستان نے ایشین پراڈکٹیوٹی آرگنائزیشن جاپان کے تعاون سے کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ دنیا کو اس وقت جن بڑے مسائل کا سامنا ہے ان میں سے موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت سر فہرست ہیں۔ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے تمام سترہ اہداف بنیادی طور پر وسائل کے منصفانہ استعمال کے گرد گھومتے ہیں۔