ریاض۔23نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے ریاض میں تکامول کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق معاون خصوصی کا استقبال سی ای او تکامول احمد الیمانی نے کیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی نے پاکستانی محنت کشوں کی مہارت کو سعودی لیبرمارکیٹ سے ہم آہنگ بنانے کے لئےتکامول کو پاکستان میں تربیتی مراکز قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کارکنوں کی ہجرت کو ہموار کرنے کے لئے معاون خصوصی نے پاکستان میں ون ونڈو سلوشنز کے قیام کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع تلاش کرنے والے پاکستانی تارکین وطن کارکنوں کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لئے پاکستان میں تکامول کی موجودگی کو بڑھانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ بعدازاں سی ای او تکامول نے معاون خصوصی کو تکامول کی طرف سے نافذ کئے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان اقدامات میں سکلز ویری فکیشن پروگرام (ایس وی پی) اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا تعارف شامل تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ایس وی پی کا آغاز سعودی عرب میں ہنر مند کارکنوں کے معیار کو یقینی بنانے، ان کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر پاکستان میں شروع کئے گئے اس پروگرام کو اب بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک تک پھیلا دیا گیا ہے۔معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے تکامول کے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان میں ایس وی پی کے نفاذ کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔معاون خصوصی کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم کی نشاندہی کرتا ہے۔ توقع ہے کہ اس سے پاکستان میں انسانی وسائل کی تربیت کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری اور تعاون کے نئے مواقع کی راہ ہموار ہوگی۔ اس تعاون کا مقصد پاکستان سے آنے والے تارکین وطن کو سعودی عرب میں روزگار کے مواقع کے لیے ضروری مہارتوں اور تربیت سے آراستہ کرکے فائدہ پہنچانا ہے۔