وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کرپشن کے مقدمات سے بچنے کے لیے پارلیمنٹ میں مختلف قسم کے منصوبے بنا رہی ہیں۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹس نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم …

اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور افتخار درانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کرپشن کے مقدمات سے بچنے کے لیے پارلیمنٹ میں مختلف قسم کے منصوبے بنا رہی ہیں۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرائل کورٹس نے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں سیاسی جماعتوں کے خلاف مقدمات گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں درج کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر غیر متعلقہ معاملات پر رونا دھونا کر رہے ہیں اور صرف اپنے مقدمات سے بچاﺅ کے لیے حکومت پر دباﺅ بڑھانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے فورم پر نازیبا زبان کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت حزب اختلاف جماعتوں کے منفی کردار کے ذریعے دباﺅ میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قانون سازی کے عمل کے لیے آگے بڑھنا چاہیئے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے آگے بڑھا جا سکے۔ افتخار درانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتیں اپنے ادوار کے دوران نظام کو کارگر نہیں کر سکیں جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ حکومتوں کی ناکام اور غیر موثر پالیسیوں کی بدولت اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو اقتصادی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معاشی بحران کی ذمہ دار پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی اقتصادی صورت حال کی بہتری کے لیے اہم اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔