لاہور۔5نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز و سیاحت سید ذوالفقار بخاری اور وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود نے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ جوہر ٹاﺅن لاہور میں واقع سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ٹی ڈی سی پی ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ، ایم پی اے ناصر قیوم، سیکرٹری ٹورازم احسان اللہ بھٹہ اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی تنویر جبار بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ٹی ڈی سی پی کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (ایتھم) سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اورمشیر سیاحت آصف محمود کو ٹورازم کارپوریشن کی اپنی عمارت ملنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سیاحوں سے کہیں زیادہ مقامی سیاحوں کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کی طرف متوجہ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منظم انداز میں پاکستان کی سیاحت کا فروغ چاہتے ہیں اور ہمیں راتوں رات پاکستان کو بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بنانے کی جلدی نہیں۔ زلفی بخاری نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی کی حکومتوں نے سیاحت کو محض ایک عام شعبے کے طور پر لیا اور ٹورازم کی ترقی کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہ کئے۔ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ پنجاب میں بھی خیبر پختونخوا کا سیاحتی ماڈل اپنایا جائے۔ تین دہائیوں بعد ٹی ڈی سی پی کو اپنی عمارت ملنا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی سیاحت کے فروغ کے لئے سنجیدگی کا مظہر ہے۔ بعدازاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ہدایت کی کہ پنجاب میں سیاحتی مقامات کی ٹائون پلاننگ کے لئے ”کے پی ماڈل“ کو پیش نظر رکھا جائے۔ مشیر وزیراعلیٰ آصف محمود نے بتایا کہ ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹ سروسز (ڈی ٹی ایس) کے تحت پنجاب بھر میں ہوٹلز کی مرحلہ وار رجسٹریشن کی جا رہی ہے اور اب تک 756 ہوٹل رجسٹر ڈکئے جا چکے ہیں۔ ہوٹلز کو رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ریجنل دفاتر کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی اینڈ ٹورازم احسان اللہ بھٹہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری کو مجوزہ ٹورازم، کلچر اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی (ٹی سی ایچ اے) کے خدوخال پر بریفنگ دی۔ زلفی بخاری نے ہدایت کی کہ اتھارٹی کے قیام سے پہلے تمام پیچیدگیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ19 کی وجہ سے ہوٹلز کی رجسٹریشن فیس کی وصولی میں نرمی کی جائے گی۔