اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی و ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک سے غربت کے خاتمہ کےلئے ”احساس“ کے نام سے شروع کئے جانے والے پروگرام کے تحت عوام کو صحت، تعلیم، روٹی، کپڑا، مکان سمیت دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ بدھ کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں …
وزیراعظم کے معاون خصوصی و ترجمان ندیم افضل چن کی اے پی پی سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی و ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک سے غربت کے خاتمہ کےلئے ”احساس“ کے نام سے شروع کئے جانے والے پروگرام کے تحت عوام کو صحت، تعلیم، روٹی، کپڑا، مکان سمیت دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ بدھ کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے غربت کے خاتمہ کےلئے جامع حکمت تیار کر رہی ہے، ”احساس“ کے نام سے شروع کیا جانے والا پروگرام اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کےلئے بجٹ میں 80ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس حکومتی اقدام سے غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام کی فلاح و بہبود اور غربت کے خاتمہ کے حوالہ سے جامع حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے غربت اور بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوا جس سے ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچا مگر موجودہ حکومت نے اس اہم مسئلہ کے حوالہ سے جامع منصوبہ بندی کی اور وقت ضائع کئے بغیر اس پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت اس اہم مسئلہ کے بارے میں کتنی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور کمزور طبقات کےلئے مختص کیا جانے والا بجٹ آئندہ 2 سالوں میں مزید بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ غربت کے خاتمہ کے حوالہ سے شروع کئے جانے والے پروگرام ”احساس“ کے تحت 57 لاکھ کے قریب خواتین کے سیونگ اکاﺅنٹس بنائے جائیں گے جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے اس جامع پروگرام کے ثمرات ملک کے دور دراز علاقوں میں مقیم مستحق اور غربت کی زندگی بسر کرنے والے افراد تک پہنچیں گے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔








