اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین منصوبہ پر کام تیزی سے جاری ہے، وزارت نے عوام میں صفائی ستھرائی کے حوالہ آگاہی پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یونیسف کے زیر اہتمام ”سینیٹیشن مارکیٹ شیپنگ” کے موضوع پر منعقدہ 2روزہ سیمینار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت نے سب سے زیادہ توجہ عوام میں صفائی ستھرائی کے حوالے آگاہی پیدا کرنے پر مرکوز کی ہوئی ہے کیونکہ بیماریاں پھیلانے کی ایک بڑی وجہ ماحول کا ستھرا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر مسائل کی طرح لیٹرین کی عدم دستیابی اور سیوریج بھی بڑے مسئلے ہیں، دیہی علاقوں میں رہائش پذیر بڑی آبادی کے ایک حصہ کو صاف لیٹرین سہولت میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دیگر شہروں کی طرح میرے اپنے حلقہ ڈیرہ غازی خان میں بھی سیوریج کی صور تحال خراب ہے جس کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کی چند بنیادی وجوہات ہیں جن میں غیر قانونی رہائشی تعمیرات، آبادی کا بڑھتا دبائو اور کچرے کو مناسب جگہ ٹھکانے نہ لگانا اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت کو ماضی میں اتنا فعال نہیں رکھا گیا مگر وزیراعظم عمران خان نے اس وزارت پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی اور کلین اینڈ گرین منصوبہ شروع کیا، یہ منصوبہ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کیلئے ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیسف کی نمائندہ عائدہ گرما نے کہا کہ سینی ٹیشن کی مناسب سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے متعدد بیماریاں پیدا ہوتی ہیں جس میں پولیو جیسا مرض بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ معاشرہ کے ہر فرد کو سینی ٹیشن کے بارے میں بھرپور آگاہی ہونی چاہئے اور وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔