وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے درمیان تاریخی لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے گئے۔ منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی زیرِ صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے درمیان تاریخی لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے گئے۔ منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی زیرِ صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے گئے۔ اس اشتراک کا مقصد پاکستان کے کھیلوں کے شعبے کو مزید مضبوط بنانا اور نوجوانوں کے لئے مکسڈ مارشل آرٹس کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ترقی اور کامیابی کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔مفاہمتی خط پر دستخط کی تقریب کے موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان موجود تھے جبکہ تقریب میں امسال زمان ڈپٹی ڈائریکٹر وزیراعظم یوتھ پروگرام ، بابر قیوم راجہ صدر پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن اور دونوں اداروں کے دیگر نمائندگان نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم یوتھ پروگرام حکومتِ پاکستان کا ایک اہم اقدام ہے جو نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، سماجی شمولیت اور ماحولیاتی آگاہی کے شعبوں میں مواقع فراہم کرتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن ملک میں مکسڈ مارشل آرٹس کی قومی گورننگ باڈی ہے جو اس کھیل اور دیگر متعلقہ کومبیٹ سپورٹس کے فروغ، تنظیم اور ترقی کے لئے کام کر رہی ہے۔

اس شراکت داری کے ذریعے دونوں اداروں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، جسمانی صحت و تندرستی کے فروغ، نظم و ضبط، قیادت کی صلاحیتوں، قومی جذبے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے مواقع بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس تعاون کے تحت نوجوانوں کو منظم، مسابقتی اور عالمی معیار کے کھیلوں میں شرکت کے مزید مواقع فراہم کئے جائیں گے جبکہ صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے، کھیلوں کا ٹیلنٹ نکھارنے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لئے قومی و بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کی راہیں ہموار کی جائیں گی۔دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہونے والے کھیلوں میں شامل مکسڈ مارشل آرٹس نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے، جسمانی فٹنس، نظم و ضبط، قیادت اور قومی نمائندگی کے جذبے کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ اس شراکت داری کے تحت قومی ایم ایم اے چیمپئن شپ کے انعقاد، نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور تربیت، ٹریننگ کیمپس اور استعداد کار بڑھانے کے پروگرامز، منشیات کے خلاف آگاہی اور صحت مند طرزِ زندگی کی مہمات، قومی و بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں نمائندگی، بنیان مرصوص سمیت حکومتی اقدامات میں تعاون، ادارہ جاتی تشہیر اور کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرامز پر مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔اس موقع پر پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر بابر قیوم راجہ کو ایم ایم اے سے متعلق تمام امور کے لئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔

یہ شراکت داری نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے میدان میں نئے مواقع پیدا کرنے اور پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ و ترقی کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔

مزید خبریں