اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام نے لاہور قلندرز کے اشتراک سے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے قومی کرکٹ ٹیلنٹ کے پہچان کے منصوبے کے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر منگل کو یہاں ٹرافی کی باضابطہ رونمائی اور ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ یہ تقریب ان نوجوان کرکٹرز کی محنت کا اعتراف ہے جنہوں نے اوپن ٹرائلز سے لے کر …
وزیراعظم یوتھ پروگرام کا لاہور قلندرز کے اشتراک سے ٹرافی کی باضابطہ رونمائی، تقریب کا اہتمام

مزید خبریں
اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام نے لاہور قلندرز کے اشتراک سے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے قومی کرکٹ ٹیلنٹ کے پہچان کے منصوبے کے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر منگل کو یہاں ٹرافی کی باضابطہ رونمائی اور ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ یہ تقریب ان نوجوان کرکٹرز کی محنت کا اعتراف ہے جنہوں نے اوپن ٹرائلز سے لے کر صوبائی ٹورنامنٹس اور پھر قومی لیگ تک مختلف مرحلوں پر مشتمل ایک مشکل سفر کو کامیابی سے طے کیا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل لیگ 2025 اس وقت اسلام آباد کے دو مقامات پر جاری ہےجہاں 18 ٹیمیں جن میں 10 مرد اور 8 خواتین کی ٹیمیں بیک وقت مقابلہ کر رہی ہیں۔ یہ تقریب اُن مرد و خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے منعقد کی جا رہی ہے جو میرٹ پر مبنی ایک شفاف اور سخت عمل سے گزر کر یہاں تک پہنچے۔ اس عمل کا آغاز ملک بھر میں اوپن ٹرائلز سے ہوا تھا جس کے بعد 25 روزہ صوبائی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔یہ ٹرائلز ملک کے جنوبی اضلاع سے لے کر شمالی علاقوں تک منعقد ہوئے جن میں 15 سے 25 سال کے لاکھوں نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیاجو پاکستان کی نوجوان آبادی پر مبنی تاریخ کی سب سے بڑی سپورٹس سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔
ٹرائلز کے بعد 25 دنوں میں 100 صوبائی میچز کھیلے گئے جن میں مردوں اور خواتین کے مقابلے علیحدہ میدانوں میں کھیلے گئے۔ انہی مقابلوں کی بنیاد پر پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان/وفاق/کشمیر سے پانچ مردوں اور پانچ خواتین کی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں سے بہترین کھلاڑی اب قومی سطح پر اپنے اپنے صوبوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ پروگرام کے طویل مدتی ترقیاتی منصوبے کے تحت قومی لیگ کے ٹاپ 12 مرد اور ٹاپ 12 خواتین کھلاڑیوں کو لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں داخل کیا جائے گا جہاں انہیں اعلیٰ ترین تربیت اور پیشہ وارانہ کوچنگ فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں بین الاقوامی کرکٹ کے لئے تیار کیا جا سکے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کے بااختیار بنانے کے لئے ایک بڑی قومی سرمایہ کاری کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کی مضبوطی اور ترقی کے لئے ایک بڑی قومی سرمایہ کاری ہے، ہم نے پاکستان بھر کے لاکھوں نوجوان کرکٹرز کو ایک واضح، مضبوط اور پہلے سے کہیں زیادہ قابل رسائی پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جو محنت اور میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھتے نظر آ رہے ہیں، مجھے یہ دیکھ کر فخر محسوس ہوا کہ ہر صوبے کا ٹیلنٹ اس شفاف راستے سے گزرتے ہوئے قومی سطح تک پہنچا ہے۔
لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف نعیم رانا نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ ہماری شراکت نے کھلاڑیوں کی ترقی کے لئے ایک بامعنی اور وسیع پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، اس ملک گیر کوشش سے سامنے آنے والا ٹیلنٹ نہایت حیران کن ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ جب نچلی سطح پر مواقع بڑھائے جائیں تو اس کے اثرات کتنے طاقتور ہوتے ہیں۔ قومی میچز جاری ہیں اور 9 دسمبر کو ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ یہ لیگ پاکستان میں نوجوان کرکٹرز کی منظم ترقی کی سمت ایک فیصلہ کن قدم بن چکی ہے۔








