وزیراعلیٰ امجد حسین اور چیئرمین این ڈی ایم اے کا گلگت بلتستان میں موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر اتفاق

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اتوار کے روز موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے خطرات، خصوصاً گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب (جی ایل او ایف)، بادل پھٹنے کے واقعات اور اچانک آنے والے سیلاب سے نمٹنے اور آفات سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنانے کے لیے …

گلگت۔ 19 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اتوار کے روز موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے خطرات، خصوصاً گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب (جی ایل او ایف)، بادل پھٹنے کے واقعات اور اچانک آنے والے سیلاب سے نمٹنے اور آفات سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنانے کے لیے جامع اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے گلیشیرز کا پھٹنا،کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈز کی روک تھام اور بروقت اقدامات کے حوالے سے ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ نصب شدہ ارلی وارننگ سسٹم کے تحفظ اور مینٹیننس کیلئے گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی مناسب اقدامات کرے، گلگت بلتستان میں موجود یونیورسٹیز میں گلیشیرز کے حوالے سے فیکلٹی متعارف کرانے کی ضرورت ہے جس کیلئے وائس چانسلرز سے فوری رابطہ کیا جائے گا۔ گلیشیرز کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو سنجیدہ اور بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ممکنہ فلڈ سیزن سے قبل نالوں کی صفائی نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام فلڈ چینلز کی بروقت صفائی کیلئے پالیسی بنائی جائے تاکہ کسی بھی قدرتی آفت کے موقع پر نقصانات سے بچاؤ ممکن ہو۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہائی ویز میں واقع فلڈ ایریازکو کلیئر کرنے کے حوالے سے این ایچ اے کا رسپانس ٹائم بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ فلڈ سیزن کے دوران این ایچ اے کو رسپانس ٹائم 24/7 یقینی بنانے کیلئے رابطہ کیا جائے۔ گلگت بلتستان میں تقریباً700 گلیشیرز موجود ہیں جن کی تحفظ کیلئے صوبائی حکومت گلیشیر پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام عمل میں لانے پر غور کررہی ہے اور فلڈ چینلز کی صفائی کے حوالے سے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری داخلہ کو این ڈی ایم اے کی سفارش پر سکردو میں ویئر ہاؤس کے قیام کیلئے درکار اراضی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے فلڈ کمیشن کی جانب سے گلگت بلتستان میں دریائی اور سیلابی کٹاؤ والے مقامات پر منصوبے شروع نہ کرنے اور وفاقی فلڈ کمیشن کے منصوبوں میں گلگت بلتستان کے متعین حصے کے مطابق کام نہ کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ اعلیٰ سطح پر فلڈ کمیشن میں گلگت بلتستان کیلئے مختص منصوبوں کے شیئرز کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے رابطہ کیا جائے۔

اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان میں قدرتی آفات کی روک تھام اور بروقت اقدامات کیلئے این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو یقینی بنارہاہے۔ ریسکیو1122کی تربیت اور جی بی ڈی ایم کو وسائل کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گلیشیرز کو ڈرین کرنے اور ان کی تحفظ کیلئے صوبائی حکومت کے محکموں کو تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔