وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس،واپڈا کے ہائیڈرو پاور اور آبی وسائل کے میگا منصوبوں کا جائزہ لیا گیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس ہو ا جس کے دوران واپڈا کے ہائیڈرو پاور اور آبی وسائل کے میگا منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

پشاور۔ 21 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس ہو ا جس کے دوران واپڈا کے ہائیڈرو پاور اور آبی وسائل کے میگا منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان سی ایم ہائوس پشاور کے مطابق اجلاس میں کابینہ اراکین ریاض خان اور مزمل اسلم ، فیڈرل سیکرٹری واٹر ریسورسز، چیئر مین واپڈا اور دیگر وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔ شرکا کو سی آر بی سی لفٹ کینال، مہمند ڈیم، نیو منڈا ہیڈ ورکس اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی موجودہ پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی ۔وزیراعلیٰ نے سی آر بی سی لفٹ کنال منصوبے کے لیے زمین کی خریداری اور عملے کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سی آر بی سی لفٹ کینال منصوبہ صوبے کی فوڈ سکیورٹی میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے گا،اس منصوبے سے صوبے کی 2 لاکھ 95 ہزار سے زائد بنجر زمین کو زیر کاشت لایا جائے گا۔ا ن کا کہنا تھا کہ تاخیر کی وجہ سے منصوبے کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوا،اس منصوبے کے لیے صوبہ اپنے وسائل فراہم جبکہ وفاق بھی اپنے حصہ مہیا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ قوم کا سرمایہ ہے، اس کی کامیاب تکمیل کے لیے صوبائی حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔اجلاس کو متعلقہ حکام کی جا نب سے خصوصی بریفننگ بھی دی گئی جس کے مطابق سی آر بی سی لفٹ کینال منصوبے پر 6 پیکجز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے، یہ منصوبہ 2027 سے 2030 کے دوران مکمل کیا جائے گا۔بریفنگ کے مطابق سی آر بی سی لفٹ کینال کے لیے 65 فیصد وفاق جبکہ 35 فیصد فنڈنگ صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔ حکام نے بتایا کہ مہمند ڈیم پر مجموعی طور پر 54 فیصد کام مکمل ہوچکا،اس کی تکمیل کی مدت ستمبر 2028 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہمند ڈیم سے 17742 ایکڑ اراضی زیر کاشت جبکہ 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ ڈیم سے روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی پشاور کو فراہم کیا جائے گا۔اجلاس میں نیو منڈا ہیڈورکس کی تعمیر اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں پر بھی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعلیٰ نے مہمند ڈیم رائٹ بینک اریگیشن کینال کے لیے 81 ایکڑ اراضی کے حصول میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں مہمند ڈیم پراجیکٹ کے تحت مقامی کمیونٹی کے لیے ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈر ایک ماہ میں جاری کرنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں