پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ڈی آئی خان میں نامعلوم دہشت گردوں کے پولیس پر حملے کی مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے فائرنگ میں زخمی دو پولیس اہلکاروں کی صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو زخمی اہلکاروں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، خیبر پختونخوا پولیس نے انتہائی جوانمردی اور بہادری کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے، خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام اس جنگ میں فورسز کے ساتھ ہیں، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکمل امن کے قیام تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، موجودہ صوبائی حکومت پولیس کو مستحکم بنانے کے لئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے، دہشتگردی سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے پولیس کو درکار تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔