وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ میں کپاس کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں، سید عاشق حسین کرمانی

90

ساہیوال۔ 27 فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اگیتی کپاس کاشت کرنے والے کاشتکاروں کیلئے 25 ہزار روپے کی مالی اعانت کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے یہ اعلان محکمہ زراعت پنجاب اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے باہمی اشتراک سے کپاس کی اگیتی کاشت بارے میگا سیمینار میں کیا جس میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری ، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد جاوید، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو،ڈائیریکٹر جنرل زراعت چوہدری عبدالحمید، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائیریکٹر زراعت شہباز اختر اور ڈپٹی ڈائیریکٹر ڈاکٹر طاہر جاوید نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب صوبہ میں کپاس کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں اور اس ضمن میں اگیتی کپاس کی ترویج کے لیے خصوصی پیکج متعارف کروایا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے مالی سال 25-2024 کے دوران 72 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ میں کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بلا سود زرعی قرضہ سکیم کے تحت اب تک 50 ارب روپے کی خریداری ہو چکی ہے۔صوبہ میں زراعت کے فروغ کیلئے گرین ٹریکٹر پروگرام ، انٹرن شپ پروگرام ، ایگری مالز کے قیام سمیت متعدد ایسے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جس سے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں واضح کمی آئے گی۔

صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 31 مارچ تک کپاس کی اگیتی کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے 25 ہزار روپے مالی اعانت کی جائے گی۔