وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے رین ایمرجنسی ڈیسک قائم کردیا، متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

"مون سون بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، تمام متعلقہ محکمے اور ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ رہیں اور بروقت امدادی اقدامات یقینی بنائیں۔” — وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

کراچی۔ 25 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں تین روزہ بارشوں کے الرٹ کے پیش نظر وزیر اعلی ہائوس میں خصوصی رین ایمرجنسی ڈیسک قائم کردیا ۔

ہفتہ کو وزیراعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور املاک کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبے بھر میں تمام ضروری احتیاطی اور ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔عوام کی سہولت کے لیے بارش سے متعلق ہنگامی صورتحال کی اطلاع دینے اور مدد حاصل کرنے کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن (0800-91915) فعال کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلی ہائوس کا پبلک کمپلینٹ سیل بھی 021-99202047، 021-99207349 اور 021-99207568 نمبرز پر چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔رین ایمرجنسی ڈیسک پر چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر ایک خصوصی ٹیم تعینات کی گئی ہے، جو شکایات وصول کرنے، متعلقہ اداروں سے رابطہ کاری اور بروقت کارروائی یقینی بنانے کی ذمہ دار ہوگی۔وزیر اعلی سندھ نے تمام بلدیاتی ، پانی و نکاسی آب کے اداروں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مکمل طور پر متحرک رہنے اور موثر نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی، بالخصوص نشیبی اور حساس علاقوں میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو بھی خصوصی ہدایات جاری کیں کہ بارشوں کے دوران جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے، متبادل راستوں کی نشاندہی کی جائے اور مسافروں کو بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔انہوں نے ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی کہ متوقع بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی معاونت کے لیے فعال طور پر مصروف رہیں اور ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے مکمل طور پر تیار رہیں۔وزیر اعلی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقررہ ہیلپ لائن نمبرز پر اطلاع دیں۔