وزیرخزانہ کی پاکستان سنگل ونڈو کو تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں آسان بنانے کے لیے اپنی رسائی ملک بھر میں مضبوط بنانے کی ہدایت

165
Minister of Finance
Minister of Finance

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان سنگل ونڈو(پی ایس ڈبلیو) کو تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے اپنی رسائی ملک بھر میں مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان سنگل ونڈو کی گورننگ کونسل کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سیکرٹری تجارت، چیئرمین ایف بی آر، گورننگ کونسل کے سیکرٹری/ممبر کسٹمز ایف بی آر، سی ای او پاکستان سنگل ونڈو، ونڈو کے ماہرین اور دیگر وزارتوں کے سینئر افسران بھی موجودتھے ۔ گورننگ کونسل کے سیکرٹری نے وزیر خزانہ کو گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ادارے کے سی ای او نے پاکستان سنگل ونڈو سسٹم کے نفاذ اور گورننگ کونسل کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کا جامع جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے جاری منصوبوں کی تفصیلات، کارکردگی کے معیارات، اور عمل درآمد میں درپیش چیلنجوں کا ذکر کیا اوراس ضمن میں ضروری اقدامات کی درخواست کی۔پاکستان سنگل ونڈو کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے انہیں نظام پرعمل درآمد کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبوں سمیت تمام شراکت داروں کی شمولیت کو یقینی بنانے اور نظام کی حفاظت کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان سنگل ونڈو پروگرام کے تحت شروع کردہ اصلاحات کے لیے حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا اور پاکستان سنگل ونڈو کوتجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے اپنی رسائی ملک بھر میں مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔

دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی ۔ ممبر کسٹم پالیسی ایف بی آر اور ممبر آئی آر پالیسی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور زراعت کے شعبے بالخصوص چاول کی فصل میں نمو سے انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے برآمدات میں چاول کی اہمیت پرروشنی ڈالی اور اس ضمن میں بعض ٹیکس اقدامات کی تجاویز پیش کیں۔وزیرخزانہ نے چاول کی بمپر پیداوار اور برآمد میں ان کے کردار کو سراہا جس سے اشیاء خوراک کی برآمدات کا مجموعی حجم 8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ قومی خوشحالی کو آگے بڑھانے میں زرعی شعبہ اہمیت کاحامل ہے اوریہ اقتصادی ترقی کیلئے انجن کی حیثیت کاحامل شعبہ ہے۔انہوں نے بہتر معیار اور قیمت میں اضافے کے لیے چاول کی پیداوار بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے برآمد کنندگان کو حکومت کی حمایت کا یقین دلایا اور عالمی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں زراعت کے شعبے میں ترقی کو فروغ دینے اور برآمدی امکانات میں اضافہ کیلئے باہمی عزم کا اعادہ کیاگیا۔