اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب میں معیاری صحت کی سہولیات اور ہسپتالوں کی تعمیرکے ساتھ ساتھ موجودہ ہسپتالوں کے بہتر انتظام اور ان میں سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں اور خصوصاً نئے قائم کئے جانے والے مراکز صحت کے انتظام کو جدید بنیادوں پر اور منظم طریقے سے چلانے پر …
وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں صحت کے شعبہ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب میں معیاری صحت کی سہولیات اور ہسپتالوں کی تعمیرکے ساتھ ساتھ موجودہ ہسپتالوں کے بہتر انتظام اور ان میں سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں اور خصوصاً نئے قائم کئے جانے والے مراکز صحت کے انتظام کو جدید بنیادوں پر اور منظم طریقے سے چلانے پر خصوصی توجہ دی جائے، اس سلسلہ میں نجی شعبہ کی شراکت داری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وہ بدھ کو یہاں صوبہ پنجاب میں صحت کے شعبہ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر سیّد شبلی فراز، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جوان بخت، صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیرِاعظم کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل، چیف سیکرٹری پنجاب و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ وزیرِاعظم کو صوبہ پنجاب میں صحت کے شعبہ کی بہتری اور اپ گریڈیشن خصوصاً وفاق کی معاونت سے صحت کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد اور ان کے عوام الناس کے لئے ثمرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گوجرانوالا، لاہور، بہاولنگر، بہاولپور، لیہ، راجن پور، اٹک، میانوالی، چکوال جیسے شہروں میں مختلف ہسپتالوں اور صحت کے جدید مراکز خصوصاً زچہ و بچہ ہسپتالوں اور نرسنگ کالجز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جن کی کل لاگت اسی سے نوے ارب روپے ہے۔ رواں سال ان پر تقریباً 17 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے جس کے لئے وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں صحت کی معیاری سہولتوں کی دستیابی خصوصاً پنجاب کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں دستیابی کو نظرانداز کیا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت سے متعلق صحت کے مراکز پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ اس شعبے میں سہولیات ناکافی ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ صوبے میں معیاری صحت کی سہولیات اور ہسپتالوں کی تعمیرکے ساتھ ساتھ موجود ہسپتالوں کے بہتر انتظام اور ان میں سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں اور خصوصاً قائم کیے جانے والے نئے مراکز صحت کے انتظام کو جدید بنیادوں پر اور منظم طریقے سے چلانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِاعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ صحت کے نظام کی بہتری کے لئے نجی شعبہ کی شراکت داری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ اس ضمن میں وزیرِاعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہسپتالوں کے لئے مشینری کی درآمد کے حوالے سے مراعات، متروکہ املاک کی ارزاں نرخوں پر ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے لیے فراہمی جیسے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں نجی شعبے کی شراکت داری اور حوصلہ افزائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ بعد ازاں وزیرِ اعظم کو آبپاشی، صوبے کے آبی وسائل کے بہتر انتظام کے حوالے سے مختلف مجوزہ منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔








