وزیرِ مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کی گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت

سیئول ۔29اکتوبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا جامع موسمیاتی ایجنڈا پالیسی اصلاحات، اخراج میں کمی، موسمیاتی لچک میں اضافہ اور کلائمنٹ فنانس کے فروغ جیسے اقدامات پر مشتمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمہوریہ کوریا کے دارالحکومت سیئول میں جاری گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ (جی جی جی آئی) کی جنرل اسمبلی کے 14ویں …

سیئول ۔29اکتوبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا جامع موسمیاتی ایجنڈا پالیسی اصلاحات، اخراج میں کمی، موسمیاتی لچک میں اضافہ اور کلائمنٹ فنانس کے فروغ جیسے اقدامات پر مشتمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمہوریہ کوریا کے دارالحکومت سیئول میں جاری گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ (جی جی جی آئی) کی جنرل اسمبلی کے 14ویں اور کونسل کے 18ویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی، یہ اجلاس 29 سے31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

بدھ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی روابط کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان نے افتتاحی اجلاس سے کلیدی خطاب کیا جس کا عنوان بین الاقوامی کاربن مارکیٹس کا نفاذ: ممالک کے تجربات اور 2023 تک کی اسٹریٹجک راہیں تھا۔ اس اجلاس میں نیوزی لینڈ، سری لنکا، سینیگال، ناروے، سویڈن اور زیمبیا سمیت مختلف ممالک کے سرکاری نمائندگان، ماہرینِ موسمیاتی تبدیلی، بین الاقوامی و مقامی تنظیموں کے نمائندے اور میڈیا کے ارکان نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں وزیرِ مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان نے کہا کہ پاکستان نےموسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی اور قومی سطح پر غیر معمولی عزم اور قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا جامع موسمیاتی ایجنڈا پالیسی اصلاحات، اخراج میں کمی، موسمیاتی لچک میں اضافہ اور کلائمیٹ فنانس کے فروغ جیسے اقدامات پر مشتمل ہے۔گلوبل گرین گروتھ وِیک کے دوران وزیرِ مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان ناروے کی حکومت کے وفد اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سے اہم دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گی۔

گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ ایک معاہدہ جاتی بین الاقوامی تنظیم ہے جو پائیدار ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور سبز معیشت کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل بان کی مون اس ادارے کے موجودہ چیئرمین اور صدر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔