وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا فیصل ڈویژن کا دورہ، عاشورہ مجالس و جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا فیصل ڈویژن کا دورہ، عاشورہ مجالس و جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لیا

فیصل آباد۔ 25 جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کے ہمراہ فیصل آباد ڈویژن کے مختلف شہروں فیصل آباد سٹی، ٹوبہ ٹیک سنگھ،کمالیہ اور پیرمحل کا دورہ کیا اور عاشورہ محرم کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مجالس، جلوسوں اور ان کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اطلاعات نے مجالس کی انتظامیہ اور عزاداروں سے ملاقات کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔

عزاداروں اور مجالس کے منتظمین نے پنجاب حکومت کی جانب سے بہترین انتظامات اور سہولیات کی فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے انہیں اس قدر سہولیات فراہم نہیں کیں۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیر اطلاعات کو ڈی سی آفس میں سکیورٹی امور اور عاشورہ انتظامات پر بریفنگ دی گئی، جبکہ کمالیہ میں انہوں نے ایک قدیمی امام بارگاہ کا دورہ کے دوران مجلس میں شریک خواتین سے گفتگو کی اور خواتین نے بھی مجالس و جلوسوں کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ عظمیٰ بخاری نے کمالیہ میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے قائم سبیل پر شربت نوش کیا اور اس کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔