وزیر اعظم سے حبیب بینک لمیٹڈ کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانہ کی ملاقات

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے حبیب بینک لمیٹڈ کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانہ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے ۔

وزیراعظم نے آغا خان کو پاکستان میں سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں کے لئے فراخدلانہ تعاون پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک کی معاشی صورتحال اور ترقی کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں حبیب بینک لمیٹڈ اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔ یہاں یہ بات قبل ذکر ہے کہ چند روز قبل پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے سیلاب متاثرین کے لئے 10 ملین ڈالر عطیہ کا اعلان کیا تھا۔