وزیر اعظم شہباز شریف کی عراقی ہم منصب محمد شیاع السودانی سے ملاقات، دونوں رہنمائوں کا غزہ میں جنگ بندی، امدا د کی بلارکاوٹ فراہمی کے لئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار

170
Prime Minister Shahbaz Sharif
Prime Minister Shahbaz Sharif

نیو یارک۔27ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور وہاں مقیم فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے احتساب کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارم پر غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی بھائیوں کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلارکاوٹ فراہمی کےلئے بین الاقوامی سطح پر کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنمائوں کی ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور عراق کے مابین مضبوط تعلقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان تعلقات کی بنیاد تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی زائرین کے لئے ہر سال کئے جانے والے انتظاما ت پر عراقی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا،باہمی طور پر تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے مابین موجود استعداد سے استفادہ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی قتل عام، ظلم و جبر اور لاکھوں انسانی زندگیوں کی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور غزہ کی نسل کشی کے اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرانے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ بین الاقوامی مسائل پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی بہن بھائیوں کو انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی کوششوں کو مزید مؤثر اور تیز کرنے پر بھی زور دیا۔