وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

لاہور۔13مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے، قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وعدے کے مطابق جس قدر ہو سکا، ان مشکل حالات میں عوام کو ریلیف پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دبائو میں ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے تاہم بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طریقے سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کیلئے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا۔

وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت خام تیل کی ملکی ضرویات کیلئے مناسب مقدار میسر ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کسی کو بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد قیمت کی وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔

مزید خبریں