اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد دی ہے۔ بدھ کی شب ایکس پر سال نو کی مناسبت سے اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ تمام پاکستانی، خواہ وہ وطنِ عزیز میں ہوں یا بیرونِ ملک، کو دل کی گہرائیوں سے سال نو کی مبارکباد دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2025 کے اختتام پر ہم …
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد دی ہے۔ بدھ کی شب ایکس پر سال نو کی مناسبت سے اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ تمام پاکستانی، خواہ وہ وطنِ عزیز میں ہوں یا بیرونِ ملک، کو دل کی گہرائیوں سے سال نو کی مبارکباد دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2025 کے اختتام پر ہم شکرگزاری اور عاجزی کے ساتھ ماضی پر نظر ڈالتے ہیں اور نئے عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزرا ہوا سال کئی حوالوں سے ہماری قوم کے لیے آزمائش کا سال رہا، لیکن اسی کے ساتھ اس نے ہماری اجتماعی قوت اور خود اعتمادی کو بھی ایک بار پھر ثابت کیا۔استقامت، نظم و ضبط اور مشکل مگر ناگزیر فیصلوں کے ذریعے ہم نے معیشت کو استحکام دینے، اعتماد بحال کرنے اور پاکستان کو معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کے مضبوط راستے پر گامزن کرنے کے لیے کام کیا۔ یہ کامیابیاں آسانی سے حاصل نہیں ہوئیں۔ یہ پاکستانی عوام کی محنت، صبر اور قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ثابت قدمی اور اپنے ملک کے مستقبل پر غیر متزلزل یقین پر قوم کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کے دوران ہم نے دشمنوں کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور دہشت گردی کے ناسور کا بے مثال جرات و بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا، چاہے وہ میدانِ جنگ ہو یا مذاکرات کی میز۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مثالی عسکری قیادت کا مظاہرہ کیا جسے پوری دنیا نے قدر کی نگاہ سے دیکھا اور سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بری فوج، فضائیہ اور بحریہ پر بے حد فخر ہے جنہوں نے دشمن کو یہ سبق سکھایا کہ جنگیں دل اور حوصلے سے جیتی جاتی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے معاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے، حکمرانی کو بہتر کرنے، سماجی تحفظ کو وسعت دینے اور طویل المدتی ترقی کی بنیاد رکھنے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ مالی نظم و ضبط اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے لے کر سرمایہ کاری، برآمدات اور انرجی سیکورٹی کے شعبوں میں نئی رفتار تک، پاکستان نے نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تمام کوششیں ایک مستحکم، خود انحصار اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہیں، جہاں ہر شہری کو باعزت مواقع حاصل ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال نے ہم نے تاریخی سنگ میل عبور کیے، اپنے شہداء اور ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور امن، اتحاد اور قومی یکجہتی کے عزم کو تازہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جدت، ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل ہمارے قومی سفر کا مرکزی ستون ہیں۔ ہم نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے تعلیم، مہارتوں، ڈیجیٹل تبدیلی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ زراعت اور صنعت سے لے کر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی تک ہم پیداواری صلاحیت بڑھانے، جدت کی حوصلہ افزائی کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، کیونکہ پائیدار ترقی کا آغاز نوجوانوں کے لیے امید اور مواقع سے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے بھرپور ثقافتی اور روحانی ورثے کے فروغ کے لیے بھی پُرعزم ہیں۔ ہماری روایات، فنون اور ثقافتی تنوع ہماری طاقت اور فخر کا سرچشمہ ہیں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ترقی کے ساتھ ساتھ ہماری اقدار، شناخت اور سماجی ہم آہنگی بھی پھلتی پھولتی رہیں۔ ہماری تمام کاوشوں کا مرکز عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ ہم سماجی تحفظ کے دائرے کو وسیع کر رہے ہیں، صحت اور تعلیم کو بہتر بنا رہے ہیں، کسانوں اور محنت کشوں کی معاونت کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ترقی کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلا جاۓ۔ جب ہر خاندان خود کو محفوظ اور پُرامید محسوس کرتا ہے تو قوم مزید مضبوط ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ دنیا سے روابط قائم رکھے ہوئے ہے۔ ہم امن، علاقائی استحکام، کثیرالجہتی تعاون اور قوانین پر مبنی عالمی نظام کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔ عالمی غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کے اس دور میں پاکستان محاذ آرائی کے بجائے مکالمے، تقسیم کے بجائے ترقی اور یکطرفہ اقدامات کے بجائے تعاون کی وکالت کرتا رہے گا۔
اتحاد، نظم و ضبط اور محنت کے ذریعے ہم ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں گے جو معاشی طور پر مضبوط، سماجی طور پر منصفانہ اور چیلنجز کے مقابلے میں مضبوط ہو۔ہمارا سفر طویل ہو سکتا ہے، مگر ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے سورج کے طلوع ہونے کے ساتھ، دعا ہے کہ ہماری پیاری مادرِ وطن وقار اور قوت کے ساتھ سربلند رہے۔ ہمارے کھیت لہلہائیں، ہمارے گھروں میں امن ہو اور ہماری قوم امید اور مواقع کی روشنی میں آگے بڑھے۔ ہر پاکستانی بامقصد زندگی گزارے اور اپنی کوششوں میں کامیابی حاصل کرے۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے تمام خواب پورے ہوں۔آپ کو اور آپ کے پیاروں کو نیا سال مبارک ہو۔








