اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو ٹیلی فون کیا اور ان سے بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے بنگلہ دیش کی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے …
وزیر اعظم کا عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو ٹیلی فون، عمران خان کا بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو ٹیلی فون کیا اور ان سے بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے بنگلہ دیش کی حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے کوویڈ۔19 سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنے اپنے ملکوں میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے شیخ حسینہ کو اپنی حکومت کی طرف سے عوام کی زندگیاں اور ذریعہ معاش بچانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم کو ترقی پذیر ممالک کے قرضے معاف کرنے کے حوالے سے عالمی سطح پر شروع کئے گئے اپنے اقدامات اور بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر بھی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اس قدرتی آفت سے متاثر ہونے والوں کی جلد بحالی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین قریبی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ روابط اور عوام کی سطح پر وفود کے تبادلوں پر زور دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سارک کے ساتھ پاکستان کی کمٹمنٹ کا اعادہ کرتے ہوئے پائیدار امن اور خوشحالی کے لئے علاقائی تعاون بڑھانے کے سلسلہ میں دونوں ممالک کے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورت حال پر پاکستان کے نکتہ نظر سے بھی بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور خطے کے امن و خوشحالی کے لئے تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ پاکستان باہمی اعتماد، احترام اور برابری کی بنیاد پر بنگہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کئے ہوئے ہے۔








