وزیر اعظم کا پٹرول پر لیوی میں 80روپے کمی کا اعلان، تمام تر وسائل اور توانائیاں عوامی بہبود کیلئے مختص کریں گے، شہباز شریف

وزیر اعظم کا پٹرول پر لیوی میں 80روپے کمی کا اعلان، تمام تر وسائل اور توانائیاں عوامی بہبود کیلئے مختص کریں گے، شہباز شریف

لاہور۔4اپریل (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پٹرول پر عائد لیوی میں فوری طور پر 80 روپے کمی، موٹر سائیکل مالکان کو 100روپے فی لیٹر سبسڈی دینے، چھوٹے کسانوں کو 1500روپےفی ایکڑ امداد ، ریلویز کی اکانومی کلاس کا کرایہ نا بڑھانے ، مال بردار چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار ، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے ، پبلک ٹرانسپورٹ کے طور پر چلنے والی بسوں کیلئے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی دینے سمیت عوامی ریلیف کے لیے متعدد اہم اعلانات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا ادراک ہے، تمام تر وسائل اور توانائیاں عوامی بہبود کیلئے مختص کریں گے اور حالات کے معمول پر آنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں ملکر عوامی مشکلات میں کمی کیلئے دیوانہ وار کام کریں گی ۔ جمعہ کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ آج ایک مرتبہ پھر ایسے مشکل حالات میں عوام سے مخاطب ہیں جب خلیج میں جنگ جاری ہے اور اس کے باعث پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں ، تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور یہ ایک ایسی تلخ حقیقت ہے کہ غریب کا چولہا مدھم ہو رہا ہے،کسان کے لیے بے پناہ مشکلات پیدا ہو چکی ہیں اور عام آدمی کے لیے نئے چیلنجز ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اور قوم کی دعاؤں سے حتی المقدور کوشش کی ہے کہ عوامی بہبود کے لیے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے جو محدود قومی وسائل ہیں ان کو عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے صرف کیا جائے اور ایک ایک پیسے کی بچت سے عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے اور مہنگائی نے دنیا کی طاقتور معیشتوں کی بھی کمر توڑ دی ہے ،پاکستان بھی اس سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے لیکن پچھلے تین ہفتوں میں انہوں نے عوام کے اوپر روزانہ ہونے والے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈالنا قطعا مناسب نہ سمجھا کیونکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان میں ایک عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے، فجر کی نماز ادا کر کے لوگ رزق حلال کی تلاش کے لیے نکلتےہیں اور سارا دن سردی ،گرمی میں محنت کر کے اپنے بال بچوں کا پیٹ رزق حلال سے پالتے ہیں لیکن اس کے باوجود عوام کے بے پناہ مسائل ہیں ،اسی لیے انہوں نے ان تین ہفتوں میں قومی وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کر کے عوام تک مہنگائی کے اس قیامت خیز طوفان کو پہنچنے نہیں دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب اللہ تعالی سے دست بدعا ہیں کہ یہ جنگ جلد سے جلد بند ہو جائے اور امن قائم ہو اس کے لیے پاکستان کی حکومت ، وہ خود ،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر انتہائی خلوص دل کے ساتھ کوشاں ہیں، جب سے جنگ شروع ہوئی ہے ہم دن رات کاوشیں کر رہے ہیں اور اس وقت تک یہ فرض نبھاتے رہیں گے جب تک جنگ کے شعلے بجھ نہیں جاتے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کل قومی مشاورت کے حوالے سے وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم نے آئندہ کے لیے اعلانات کیے اس کے پیچھے بھرپور مشاورت ہوئی، صدرمملکت کا مشکور ہوں جنہوں نے پوری قومی قیادت کو ایوان صدر میں دعوت دی جہاں پر چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم ،گلگت بلتستان کے نگران وزیر اعلیٰ ،میں خود ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دوسرے زعماء موجود تھے اور وہاں پر بھرپور مشاورت ہوئی ،اس سے اگلے دن وزیراعظم ہاؤس میں مکمل مشاورت کی گئی اور پھر کل ایک بھرپور اجلاس میں جس میں چاروں صوبوں کے وزرا ءاعلی، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم ،گلگت بلتستان کے نگران وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزراء شریک تھے ،بڑی عرق ریزی کے ساتھ فیصلوں کے بعد ایک جامع پروگرام کا اعلان کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ ہفتوں اور دنوں میں بعض ممالک میں تیل کی میلوں لمبی قطاریں دیکھنے میں آئی ہیں اور کس طریقے سے وہاں پر لوگوں کو بے پناہ تکلیف ہوئی لیکن الحمدللہ پاکستان میں خدائے بزرگ و برتر کی کمال مہربانی اور فضل سے ہم نے ان تمام معاملات کو سنبھالے رکھا،اجتماعی کاوشوں اور بروقت فیصلوں کے تحت کل کے اعلانات کے مطابق موٹر بائیکس کو ایک لیٹر پٹرول پر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی ۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں مال بردار گاڑیوں کو سہولت دینے کے لیے ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے اور مسافر بسوں یعنی پبلک ٹرانسپورٹ کوایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایوں کا بوجھ عوام پر نہ پڑے جبکہ چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد مہیا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز کے حوالے سے میں نے یہ فیصلہ کیا کہ اکانومی کلاس کی بوگیوں کے مسافروں کے لیے قطعا کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا اور اس حوالے سے وزارت ریلوے کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ موجودہ اعلانات اور جو کل اعلانات کیے گئے ان تمام قومی جذبات سے بھرے اقدامات کے لیے صوبائی وزراء اعلی مریم نواز شریف، سید مراد علی شاہ، سہیل آفریدی اور میر سرفراز بگٹی صاحب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتےہیں جنہوں نے اس قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل مہیا کرنے کے لیے بلا تاخیر عزم کا اظہار کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہی وقت کی آواز ہے اور یہ وہ موقع ہے کہ جس وقت اس تاریخ کے بہت بڑے چیلنج کا مقابلہ صرف اور صرف قومی یکجہتی، اتفاق اتحاد کے ساتھ ہی کیا جا سکتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تمام اعلانات جو کیے گئے ان کا اطلاق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بھی ہوگا جن کے لیے وسائل انشاءاللہ وفاقی حکومت بخوشی مہیا کرے گی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں پوری طرح احساس ہے کہ ان اقدامات کے باوجود بھی اگرچہ عوام کی مشکلات میں کمی تو ضرور آئے گی لیکن روزمرہ کی ضروری اشیاء کے لیے عوام کو اس سے کئی زیادہ وسائل بھی مہیا کیے جائیں تو وہ بھی کافی نہیں ہوں گے لیکن وہ صدق دل اور بڑی درد مندی اور خلوص کے ساتھ کہتے ہیں کہ عوام سے وعدہ ہے کہ ہم اس وقت تک چین نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ جب حالات دوبارہ معمول پر واپس نہیں آ جاتے، انشاءاللہ ہم تمام توانائیاں اور تمام وسائل اس کام کے لیے عوام کے قدموں میں نچھاور کریں گے ۔اسی سوچ کے تحت میں یہ اعلان کر رہا ہوں کہ پٹرول کی لیوی میں فوری طور پر 80 روپے فی لیٹر کمی کی جارہی ہے اور اس طرح آج رات 12 بجے سے پٹرول کی قیمت 458 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر ہو جائے گی اس کا اطلاق ایک ماہ کے لئے ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتیں مل کر عوام کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے کام کرتے رہیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے کابینہ کے ارکان سے عجلت میں اس کا مشورہ نہیں کیا لیکن کابینہ کے ارکان پہلے دو ماہ کی تنخواہ قومی خزانے میں جمع کرانے کا اعلان کر چکے ہیں، اس کو میں آج بڑھا کر 6ماہ کرنے کا اعلان کرتا ہوں، یہ شاید ایک بہت ہی معمولی رقم ہوگی لیکن اس سے عوام کو مخلصانہ انداز میں یہ باور کرانا چاہتا ہوں کہ انشاءاللہ تمام وسائل جہاں جہاں سے ایک ایک پیسے کی بچت ہوگی وہ بچت حاصل کر کے عوام کی مشکلات میں اضافہ نہیں ہونے دوں گا ،اللہ تعالی کو منظور ہوا تو انشاءاللہ بہت جلد ہم بہت اچھے وقتوں میں ترقی ،خوشحالی غربت کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی کی باتیں کر رہے ہوں گے۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔