لاہور۔15مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی غذائی ضروریات کیلئے اشیاء خورونوش کی طلب و رسد پر نظر رکھنے اور پاکستانی غذائی ضروریات کو متاثر کئے بغیر اضافی اشیاء خورونوش خلیجی ممالک کو برآمد کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی صورتحال اور اضافی اشیائے …
وزیر اعظم کی اشیاء خورونوش کی طلب و رسد پر نظر رکھنے کی ہدایت

مزید خبریں
لاہور۔15مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی غذائی ضروریات کیلئے اشیاء خورونوش کی طلب و رسد پر نظر رکھنے اور پاکستانی غذائی ضروریات کو متاثر کئے بغیر اضافی اشیاء خورونوش خلیجی ممالک کو برآمد کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی صورتحال اور اضافی اشیائے ضروریہ کی برآمدت پر جائزہ اجلاس اتوار کو منعقد ہوا ۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملکی غذائی ضروریات کیلئے اشیاء خوردونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی جائے۔ وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیاءِ خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے، کسی بھی چیز کی قلت نہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے سے خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک کو درکار اشیاء خورونوش کی فراہمی اور انکے غذائی تحفظ کا خیال رکھا جائے۔ پاکستانی غذائی ضروریات کو متاثر کئے بغیر وافر مقدار میں موجود اشیاء خورونوش کی خلیجی ممالک میں برآمد کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ برادر خلیجی ممالک میں اشیاء خورونوش کی برآمد کرتے وقت اعلی معیار یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پی این ایس سی بحری راستے کے ذریعے برادر خلیجی ممالک میں اشیاء خورونوش برآمد کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ اجلاس کو ملک میں موجود اشیاء خورونوش کے موجودہ ذخائر اور پیداوار پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاکستان کے زرعی شعبے بشمول زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری اور سی-فوڈ میں برآمد کی وسیع استعداد موجود ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت کر دی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی۔
وزیرِ اعظم نے برادر خلیجی ممالک میں تعینات سفیران و ٹریڈ افسران کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی چیف سیکریٹریز اور متعلقہ شعبے کی نجی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔








