اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم امہ متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کرے، وزیراعظم عمران خان جرأت اور بہادری سے کشمیریوں کے وکیل بن کر سامنے آئے، پاکستان نے عالمی سطح پر بھارت کا فاشسٹ، نازی، ہٹلر اور انتہاء پسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب …
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں بین الاقوامی سیمینار سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم امہ متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کرے، وزیراعظم عمران خان جرأت اور بہادری سے کشمیریوں کے وکیل بن کر سامنے آئے، پاکستان نے عالمی سطح پر بھارت کا فاشسٹ، نازی، ہٹلر اور انتہاء پسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، یونیورسٹی کے طلباء ”کرفیو ہٹائو مہم” کا حصہ بنیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے اس مسئلہ کو پوری دنیا تک پہنچائیں، یونیورسٹی میں بیرون ملک سے آئے طلباء ہمارے وکیل ہیں، غیر ملکی طلباء پاکستان کے بیانیہ کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں ”مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کیلئے امکانات” کے عنوان سے متعلق بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کے انعقاد کا مقصد مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرنا، کشمیر میں جاری ظلم و ستم کے خلاف مؤثر آواز اٹھانا اور امت کو اس ضمن میں اپنی ذمہ داری کا احساس دلانا تھا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیری عوام ایک ماہ سے زائد عرصہ سے کرفیو میں محصو رہیں، پاکستانی عوام کشمیریوں کے درد کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں، عوام مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کو محسوس کرتے ہیں، پاکستان کی کشمیریوں کی حمایت ان کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ذرائع ابلاغ بند ہونے سے باقی دنیا سے کٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا ہے، کشمیری عوام کو خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر بھارت کا فاشسٹ چہرہ دنیا کو دکھایا ہے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار اپنے ہی آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جرأت اور بہادری سے کشمیریوں کے وکیل بن کر سامنے آئے، مسلم امہ متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کرے، مظلوم کشمیری او آئی سی سے اس سے زیادہ توقعات رکھتا ہے، مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، ایک حصے کو درد ہو تو دوسرا محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ساتھ اپنے مقدس رشتے کو نبھانے کیلئے پرعزم ہیں، کسی کو انسانیت کی تذلیل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔








