وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کی فلم و انڈسٹری کے وفد کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

لاہور ۔ 7 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے فلمی صنعت اور سینما کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے،فلم کو سینسر کرنے کا اختیار فیڈرل سینسر بورڈ کے پاس ہو گا۔فلمی صنعت کے ذریعے تہذیب،اقدار اور ثقافت کو اجاگر کرنا ترجیح ہے، عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم عمران کو اپنا مسیحا چن چکے ہیں،نیب آزاد ادارہ ہے۔ہفتہ کو فلم و انڈسٹری کے وفد کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نئی فلم پالیسی کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہوئی ہے اور نئی فلم پالیسی میں سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو شامل کیا جائیگا،فلمی صنعت کی بحالی کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون کریگی۔انہوں نے کہا کہ فلم کو سینسر کرنے کا اختیار فیڈرل سینسر بورڈ کے پاس ہو گا جبکہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے فیڈرل سینسر بورڈ تشکیل دیا جائیگا۔معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کا روشن چہرہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے سینما کی بحالی ضروری ہے ،فلمی صنعت اور سینما کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،فلمی صنعت کے ذریعے تہذیب،اقدار اور ثقافت کو اجاگر کرنا ترجیح ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم فلمی صنعت کو بحال کرینگے تاکہ فنکاروں کو روز گار ملے اور ملک میںسرمایہ کاری ہو۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی ثقافت سے روشناس کرانے کیلئے ملکی اقدار و ثقافت کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو انٹر ٹینمنٹ کے ذرائع دستیاب نہیں ،اس لئے یہ نوجوان نسل بھارتی یا مغربی فلموں کے طرف رجوع کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم مقامی پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کرینگے تاکہ مقامی ثقافت پروان چڑھے۔ہم فن اور فنکار کو زندہ اور فلمی صنعت کا کھویا ہوا وقار بحال کرینگے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو ترویج دینے میں انکی سوشل میڈیا ٹیم نے اہم کردار ادا کیا ہے، حکومت ترقی کیلئے پر عزم ہے۔چیئر مین فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن فلم انڈسٹری نے اس موقع پر کہا کہ فلمی صنعت کی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات خوش آئند ہیں۔